مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کے شعبۂ تعلقات عامہ نے اعلان کیا ہے کہ بحرین کے الرفاع اور عوالی فوجی اڈوں پر تعینات امریکی فوج کے پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے دو ریڈار سپاہ کے میزائلوں اور ڈرونز حملوں میں نشانہ بنائے گئے۔
اس اعلامیے کا متن درج ذیل ہے:
سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے جوانوں نے چند لمحے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف مسلسل جارحیت اور اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے جواب میں میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے ایک مشترکہ جوابی کارروائی انجام دی۔ یہ کارروائی مبارک رمز ’’یا ام البنین (س)‘‘ کے تحت کی گئی، جس میں بحرین کے الرفاع اور عوالی فوجی اڈوں پر موجود جارح امریکی فوجی ٹھکانوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
اس کارروائی کے دوران بحرین کے الرفاع اور عوالی فوجی اڈوں پر تعینات امریکی فوج کے پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے دو ریڈاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
آج صبح سے خطے میں امریکی فوج کی جانب سے فضائی تحفظ اور اسکواڈ کے مہنگے آپریشن نہ صرف اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں بلکہ سمندر اور فضا میں ان آپریشنز کے تحت تحفظ فراہم کیے جانے والے آلات اور بحری جہازوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔
ان سرگرمیوں کے تسلسل اور امریکی دہشت گرد فوج کے دو جاسوس و جنگی ڈرونز، ایم کیو ون (MQ-1) اور ایم کیو نائن (MQ-9) کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد، مذکورہ فوجی اڈوں میں موجود اس ملک کے فوجی ٹھکانوں کو سپاہ کی ایرو اسپیس فورس کی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔
سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی خبردار کرتی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود مسلح افواج کی ریڈ لائن ہے اور کسی بھی ملک یا جارح قوت کی جانب سے ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا جواب مجاہدینِ اسلام کی جانب سے سخت اور فیصلہ کن کارروائی کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ